جامعۃ الرضا شعبہ تحریر و تحقیق کی جانب سے یومِ تکبیر کی تقریب :
رپورٹ : واصف رضا: متعلم جامعۃ الرضا اسلام آباد
جامعۃ الرضا شعبہ تحریر و تحقیق نے 28 مئی کو یومِ تکبیر کے حوالے سے ایک اہم نشست کا انعقاد کیا، جس میں اس دن کی اہمیت اور پاکستان کے ایٹمی کامیابیوں پر روشنی ڈالی گئی۔ اس دن کی یاد میں منعقدہ اس تقریب میں اساتذہ کے علاوہ شعبہ تحریر و تحقیق سے دلچسپی رکھنے والے طلبا نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ 28 مئی 1998 کو پاکستان نے ایٹمی دھماکے کر کے دنیا کو بتا دیا تھا کہ وہ اپنے دفاع کے لیے ہر حد تک جا سکتا ہے۔ اس دن کو قومی تاریخ میں یومِ تکبیر کے طور پر یاد کیا جاتا ہے اور آج 27 سال بعد بھی یہ دن پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہے۔
اس موقع پر جامعۃ الرضا شعبہ تحقیق کے مسئول محترم مزمل حسین متعلم جامعۃ الرضا نے کہا کہ پاکستان نے اس وقت کے کمزور سیاسی اور اقتصادی حالات میں جو کارنامہ انجام دیا، اس سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ حالات جیسے بھی ہوں، اگر ارادہ، عزم اور ایمان پختہ ہو تو ہم ناممکن کو ممکن بنا سکتے ہیں۔ متعلم ابوذر غفاری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جیسے ہمارے سائنسدانوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ وطن کے لیے قربانی دینے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ اسی طرح ہمیں بطورِ طالب علم اپنے تعلیمی میدان میں بھی اپنے آپ کو سچا اورلائق پاکستانی ثابت کرنا چاہیے۔
نقی جعفری نے نوجوانوں کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم بھی اپنی تعلیم و تربیت پر توجہ دے کر ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی طرح سارے پاکستان کیلئے باعثِ فخر بن سکتے ہیں۔ اس موقع پر اُستاد محترم ڈاکٹر اطلسی صاحب نے قومی محسنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ رہنما اپنی قوم کو آگے لے کر چلتے ہیں۔ جب بھارت ایٹمی قوت بن گیا تو عبدالقدیر خان نے بھی پاکستان کو اس دوڑ میں تنہا نہیں چھوڑا۔ ہمیں اپنے محسنوں کو نہیں بھولنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا شکریہ ادا کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم بھی اُن کی طرح محنت، خلوص اور لگن سے اپنی تعلیم پر توجہ دیں۔
اُستاد ڈاکٹر نذر حافی صاحب نے اپنی مختصر گفتگو میں اس نکتے پر روشنی ڈالی کہ آج کے طلبا کل کے رہنما ہیں لہذا ہمیں آج سے ہی دنیا میں ہونے والی تبدیلیوں اور پاکستان کی تعمیروترقی کے مختلف زاویوں ، خصوصاً ایٹمی ترقی کے مختلف مراحل اور ادوار پر نظر رکھنی چاہیے ۔جو طلبا آج اپنے ملک کی تعمیرو ترقی سے لاتعلق ہیں وہ کل اس ملک کی رہنمائی اور قیادت بھی نہیں کر پائیں گے۔
یہ نشست جامعۃ الرضا کے شعبہ تحریر و تحقیق کے زیرِ اہتمام منعقد کی گئی، جس کا مقصد طلبا میں حب الوطنی، تحقیق اور قومی تاریخ سے آگاہی پیدا کرنا تھا۔نشست کا آغاز جامعہ کے متعلم محترم تاثیر رضا نے تلاوت ِ قرآن مجید سے کیا۔ تلاوت کے بعد انہوں نے یوم تکبیر کے حوالے سے ابتدائی گفتگو کی، ان کے بعد سید قاسم کاظمی، سید دانیال شیرازی، مدثر حسن، واصف رضا، شمشاد حسین، اور دیگر نے یومِ تکبیر کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی۔ پروگرام کی کوارڈینیشن راقم الحروف واصف رضا نے کی۔








0 comments:
ایک تبصرہ شائع کریں
اپنا پیغام لکھیں