جامعۃ الرضا کے وفد کا ادارۂ علومِ اسلامی اسلام آباد کا دورہ :
جامعۃ الرضا کے شعبۂ تعلیم و تربیت کے وفد نے گزشتہ روز ادارۂ علومِ اسلامی اسلام آباد کا دورہ کیا۔ یہ دورہ تعلیمی تجربات سے آشنائی اور باہمی علمی روابط کے فروغ کے لیے کیا گیا۔ اس موقع پر ادارے کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور نظم و نسق کے حوالے سے مثبت مشاہدات سامنے آئے۔وفد کی آمد پر ادارے کے پرنسپل مولانا توصیف الطاف صاحب نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا، اور ادارے کے تعلیمی و تربیتی نظام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ مولانا توصیف الطاف صاحب خود اسی مدرسے کے فارغ التحصیل ہیں۔ یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ ادارۂ علومِ اسلامی کے طلبا اکثرعصری تعلیم کے میدان میں بھی نمایاں پوزیشنز حاصل کرتے ہیں، جس پر جامعۃ الرضا کے وفد نے ادارے کے پرنسپل، اساتذہ اور طلبا کو مبارکباد پیش کی۔
دورے کے دوران وفد نے ادارے کے استقبالیہ اور سیکورٹی سسٹم کو پیشہ ورانہ، فعال اور مستعد پایا اور صفائی و ستھرائی کے انتظامات بھی قابلِ تحسین تھے۔
مولانا توصیف الطاف صاحب کے مطابق ادارۂ علومِ اسلامی میں اس وقت تقریباً 800 طلبا زیرِ تعلیم ہیں، جنہیں 60 اساتذہ تعلیم دے رہے ہیں۔ روزانہ کی کلاسز صبح 8 بجے سے دوپہر 1 بجے تک جاری رہتی ہیں، جب کہ ظہر کے بعد طلبا کے لیے گروپ اسٹڈی کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ ہر کلاس میں 30 سے 45 طلبا شامل ہوتے ہیں اور ایک کلاس کا دورانیہ 40 منٹ پر مشتمل ہے۔
انہوں نے جامعۃ الرضا کے وفد کو بتایا کہ طلبا سے ہر ماہ تمام شعبہ جات کے بارے میں فیڈ بیک لیا جاتا ہے تاکہ تدریسی و تربیتی معیار میں مسلسل بہتری لائی جا سکے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ادارے میں حوزوی و عصری تعلیم کی کلاسز باقاعدگی سے منعقد ہوتی ہیں، اور ان کی پیشرفت کی نگرانی کیلئے کمیٹی موجود ہے۔ ہاسٹل کے لیے ایک تین منزلہ عمارت کو وقف کیا گیا تھا جس کا دورہ بھی جامعۃ الرضا کی ٹیم نے کیا۔ اس دورے کے موقع پر یہ بات بھی سامنے آئی کہ ہر ٹرم کے اختتام پر اساتذہ اور طلبا دونوں کے لیے مہارت افزائی کی ورکشاپس منعقد کی جاتی ہیں، جن کا مقصد تدریسی استعداد اور عملی قابلیت میں اضافہ کرنا ہوتا ہے۔ جامعۃ الرضا کے وفد میں ڈاکٹر نذیر اطلسی صاحب﴿ شعبہ تعلیم﴾، ڈاکٹر نذر حافی ﴿شعبہ تربیّت ﴾مولانا نقی عمران صاحب ﴿شعبہ تبلیغات﴾ اور مولانا محمد علی ممتاز صاحب شامل تھے۔ یاد رہے کہ اس دورے کی کوارڈینیشن کے تمام تر امور مولانا نقی عمران صاحب نے انجام دئے تھے۔








0 comments:
ایک تبصرہ شائع کریں
اپنا پیغام لکھیں