میری فیروزی میری " کاکی"
میرے صحن میں ایک ایسی شخصیت رہتی ہے جسے میں محبت سے "فیروزی"
کہتا ہوں۔ نام سن کر یوں لگتا ہے جیسے کسی نواب کی اکلوتی اولاد ہو یا کسی شاہی
اصطبل کی انمول شہزادی۔ تاہم جیسے ہی وہ کسی کے سامنے آتی ہے، تو دیکھنے والا بتیسی نکال کر ہنسنے لگتا ہے۔فیروزی اتنی دبلی ہے کہ اگر تیز ہوا چل جائے تو
مجھے اس کے پیچھے دوڑنا پڑتا ہے کہ کہیں پتنگ کی طرح اُڑ نہ جائے۔
اس کی ٹانگیں ایسی معلوم ہوتی ہیں جیسے کسی نے دو ماچس کی تیلیاں زمین میں گاڑ دی
ہوں ۔ پسلیاں یوں گنی جا سکتی ہیں جیسے بلیک بورڈ پر سیدھی لکیریں ہوں۔
میں جب بھی اسے دیکھتا ہوں، سینہ تان کر کہتا ہوں: "یہ
عام بچھڑی نہیں، شاہانہ نسل کی " کاکی " ہے!"
سننے والے پہلے فیروزی کو دیکھتے ہیں، پھر مجھے، پھر دوبارہ
فیروزی کو... اور آخر میں ایسی ہمدردانہ مسکراہٹ بکھیرتےہیں کہ میرے تن من میں آگ لگ جاتی ہے۔
کچھ ظالم لوگ تو حد ہی کر دیتے ہیں۔ کہتے ہیں: "بھائی،
یہ گائے کا بچہ ہے یا مرغی کا چوزہ؟"
میں فوراً فیروزی
کا شجرہِ نسب انہیں سنانا شروع کر دیتا ہوں۔
"خبردار!
اس کا شجرۂ نسب دیکھو۔ اس کے آباؤ اجداد ایسی گائیں تھیں جنہیں دیکھ کر بیل بھی اپنے سینگ سیدھے کر لیتے تھے!"
وہ ہنس کر جواب دیتے ہیں: "ہاں، لیکن یہ تو لگتا ہے جیسے
خاندان کی ساری طاقت آباؤ اجداد ہی استعمال کر گئے ہوں، اس کے حصے میں صرف خاندانی
نام آیا ہے!" اصل مزہ تو تب آتا ہے جب کوئی قیمت پوچھ بیٹھتا ہے۔
میں پورے اعتماد سے کہتا ہوں:
"یہ لاکھ
روپے کی ہے لاکھ روپے کی!" سامنے والا فیروزی کو اوپر سے نیچے تک دیکھ کر
کہتا ہے: کیا کہیں چیل اسے لے کر اُڑ نہ جائے۔ لاکھوں کی فیروزی کو باہر نہ
نکالنا۔
میں بڑے سکون سے جواب دیتا ہوں: "بھائی، تم گوشت خرید
رہے ہو، میں نسل بیچ رہا ہوں۔"
صحن کے کونے میں جب شام کا سنہرا سورج اپنی آخری کرنیں بکھیرتا
ہے، فیروزی گرد آلود زمین پر ایسی شان سے کھڑی ہوجاتی ہے جیسے کسی شاہی محل کی
بالکونی میں ملکہ سلامت کھڑی ہوں ۔ لوگوں کی باتوں پر نہ جائیں، دنیا کو چاہے سو
خامیاں نظر آئیں، مجھے اس میں صرف خوبیاں
دکھائی دیتی ہیں۔لوگ کہتے رہیں "مرغی کا بچہ"، میں تو آج بھی فخر سے
کہتا ہوں:
"یہ فیروزی
ہے جناب! ابھی وقت اس کے خلاف ہے، کل یہی وقت اسی کے حق میں گواہی دے گا۔میں آپ لوگوں کو پال
کر دکھاوں گا۔ پھر آپ لوگوں کو پتہ چلے گا جب میں اربوں روپے میں اپنی فیروزی
بیچوں گا۔۔۔







0 comments:
ایک تبصرہ شائع کریں
اپنا پیغام لکھیں