رپوٹ: سید قاسم علی کاظمی:متعلم جامعۃ الرضا اسلام آباد:
۱۱ فروری کو پوری دنیا میں اسلامی انقلاب کی سالگرہ منائی جاتی ہے۔ اس موقع پر جامعۃ الرضا بہارہ کہو اسلام آباد میں بھی اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی تقریب منعقد ہوئی۔ مختلف مقامات پر منعقد ہونے والی تقاریب کی طرح اس تقریب میں بھی اسلامی انقلاب کی مختلف خصوصیات اور اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔ یہ ایک ایسا تاریخی واقعہ ہے جس نے عالم اسلام کی تاریخ اور تقدیر بدل دی۔ یہ انقلاب فقط ایک سیاسی تبدیلی نہیں تھی بلکہ ایک معنوی، روحانی اور ثقافتی تحریک ہے۔ اس نے ظلم، استبداد، اور استعماری قوتوں کو مسترد کر دیا۔
جامعۃ الرضا بہارہ کہو اسلام آباد میں ہونے والے پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام الہٰی سے محترم حافظ سید اثمار مہدی نے کیا ۔ ان کے بعد شہدائے انقلاب کی مناسبت سے محترم نئیر عباس نے کلام پڑھا اور پھر اہم نکات پر مشتمل کانفرنس کا افتتاحیہ بیان کیا گیا۔ افتتاحی کلمات میں اسلامی انقلاب کی ایرانی یا شیعہ ہونے کے بجائے اسلامی اورعالمی و جہانی ہونے پر روشنی ڈالی گئی۔
بعد ازاں جامعۃ الرضا کے طالب علم برادر سید حسن رضا کاظمی نے انقلاب اسلامی ایران کی مناسبت سے ایک جامع تقریر کی جس میں انہوں نے انقلاب اسلامی اور ولایت فقیہ کے بارے میں مختلف زاویوں پر روشنی ڈالی۔ ان کے بعد جامعہ کے متعلم نقی حسین جعفری نے مختصر ، مفید اور دلکش انداز میں تقریر کی۔ حاضرین نے جامعۃ الرضا کے طلبا کی تقاریر کو پوری توجہ سے سُنا اور ان کے حُسنِبیان کو سراہا۔ تقاریر میں طلبا نے حضرت امام خمینی ؓ اور اسلامی انقلاب کی بین الاقوامی حیثیت اور تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یہ انقلاب فقط ایرانی یا شیعہ انقلاب نہیں ہے بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک حیران کن اور خوشگوار عوامی و جمہوری تبدیلی ہے۔
اس موقع پر دانشکدہ مجازی جامعۃ المصطفیٰ کے مدیر ڈاکٹر اعجاز حسین نگری صاحب نے بھی حاضرین سے خطاب کیا۔ انہوں نے انقلاب اسلامی کی خصوصیات اور اس کے آثار اور برکات کے بارے میں گفتگو کی ۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی اسلامی انقلاب تنِ تنہا تمام باطل طاقتوں اور بالخصوص سپر پاور کےمقابلے میں کھڑا ہے۔
پروگرام کے آخر میں مدیر جامعۃ الرضا مولانا سید حسنین عباس گردیزی صاحب نے اپنے اختتامی کلمات پر مشتمل ایک بھرپور فکر انگیز خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ اسلام کا سب سے عظیم واقع انقلاب اسلامی ایران ہے۔ جب دنیا دوبلاکوں میں تقسیم تھی اُس وقت حضرت امام خمینی نے لاشرقیہ ولا غربیہ کا نعرہ لگا کر اسلام کا پیغام توحید ساری دنیا تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو چاہیے کہ اس انقلاب اور حضرت امام خمینی رضوان اللہ کی زندگی کے بارے میں گہرا مطالعہ کریں۔انہوں نے طلبا سے کہا کہ انقلابی جذبات اور انقلابی نعروں کی حفاظت کریں اور ان مقدس نعروں و پاکیزہ جذبات کو اپنی آئندہ نسلوں میں منتقل کریں۔ پروگرام کا اختتام دعا سلامتی امام زمانہ(عج) سے ہوا۔








0 comments:
ایک تبصرہ شائع کریں
اپنا پیغام لکھیں