جامعۃ الرضا اسلام آباد میں ولادتِ امام علی رضا علیہ السلام کی مناسبت سے ایک روح پرور جشن کا انعقاد
اسلام آباد، 9 مئی 2025ء
جامعۃ الرضا، بارہ کہو اسلام آباد میں 11 ذوالقعدہ کے مبارک روز حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے پُرمسرت موقع پر ایک عظیم الشان اور روحانی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں علمائے کرام، اساتذہ، طلبا، شعرائے اہل بیت اور معزز مہمانانِ گرامی نے شرکت کی۔
: رپورٹ زوہیر حسن متعلم جامعۃ الرضا اسلام آباد :
پروگرام کا آغاز سہ پہر 4:00 بجے تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جامعۃ الرضا کے طالب علم حافظ قدیر احمد نے اپنی دلنشین انداز میں تلاوت قرآن کا شرف حاصل کیا۔ بعد ازاں عقیل رضا نے منقبتِ اہل بیت پیش کر کے سامعین کو روحانی کیف عطا کیا۔
تقریب کے مہمان شاعر، جناب رفیق مغل نے شانِ امیرالمؤمنین علیہ السلام اور امام رضا علیہ السلام کے حضور منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا، جسے سامعین نے بے حد سراہا۔
پروگرام میں نوجوان خطیب ابوذر عباس غفاری نے "امام رضا علیہ السلام کا منفرد مقام" کے عنوان سے پُرجوش اور فکری خطاب کیا۔ بعد ازاں چند طلبا نے بارگاہِ اہل بیت میں گروہی صورت میں سلام پیش کیا۔
جشن کے خصوصی خطبا میں سے ایک نورالھدی ٹرسٹ کے چیئرمین اور دی ایمز کالج کے سی۔ ای۔ او۔ پروفیسر سید امتیاز علی رضوی صاحب بھی تھے۔ انہوں نے حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی نظر میں ایک منتظم کی حیثیت، اہمیت، اور فرائض کے بارے میں اپنے علمی مقالے کو دلکش انداز میں بیان کیا۔ اس کے علاؤہ انہوں نے جامعۃ الرضا کی تاسیس، اس کے نصب العین اور اس کی تاریخ پر بھی گفتگو کی۔ اس موقع پر انہوں نے جامعۃ الرضا کے پرنسپل مولانا سید حسنین عباس گردیزی صاحب کی علمی و فکری خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا ۔
ان کے بعد جامعۃ المصطفی العالمیہ یعنی المصطفی انٹرنیشنل یونیورسٹی کے مسئولین میں سے حجۃ الاسلام ڈاکٹر غلام جابر محمدی صاحب نے حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی تعلیمی خدمات پر روشنی ڈالی نیز جامعۃ الرضا کی افادیت اور اہمیت کو بھی بیان کیا۔
لندن سے تشریف لائے حجۃالاسلام مولانا غلام حر شبیری صاحب بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے، انہوں نے امام علی رضا علیہ السلام کے علمی مقام، مناظرات، لقب "عالم آل محمد" اور موجودہ دور میں دینی مدارس کی ذمہ داریوں پر مدلل گفتگو کی۔ نیز رہبری کی شرائط اور امام رضا علیہ السلام کے عملی اسلوب کو آج کے سماجی و فکری مسائل کے حل کے طور پر پیش کیا ۔
حجۃ الاسلام والمسلمین الشیخ علامہ انور علی نجفی صاحب نے اپنے خطاب میں سامعین سے براہ راست علمی سوالات کر کے اجلاس کے ماحول کو مزید بارونق بنا دیا۔ ان کے خطاب کے بعد مختلف علمی مقابلہ جات کے کامیاب طلبا میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ قابل ذکر ہے کہ اس موقع پر جامعۃ الرضا کی طرف سے حجۃالاسلام مولانا حبیب الحسن صاحب کو ایک کو مثالی مدرس کے اعزاز سے نوازا گیا۔
تقریب کی روحانی معراج اس وقت دیکھنے میں آئی جب معزز علمائے کرام کے ہاتھوں جامعۃ الرضا کے واجد الشرائط طلبا کی عمامہ پوشی کی گئی۔
پروگرام کے اختتام پر جامعہ کے پرنسپل مولانا سید حسنین عباس گردیزی صاحب نے تمام مہمانوں، علماء، طلاب اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور یوں اجتماعی دعا کے ساتھ اس روحانی و فکری اجتماع کا اختتام عمل میں آیا۔
تمام تصاویر دیکھنے کیلئے کلک کینئے













0 comments:
ایک تبصرہ شائع کریں
اپنا پیغام لکھیں