جدید تحقیق کی معیاری علمی بنیادیں :
ڈاکٹر نذر حافی
سب سے پہلے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ تحقیق ایک منظم اور منطقی عمل ہے ۔ یعنی ہر مطالعہ ، مباحثہ و اطلاعات و معلومات کی جمع آوری تحقیق نہیں۔ تحقیق کا عمل سب سے پہلے منظّم ہوتا ہے۔ منظم ہونے کا مطلب یہ ہے کہ تحقیق ایک خاص ترتیب میں کی جاتی ہے جس میں ہر قدم پہلے سے طے شدہ اصولوں اور طریقہ کار کی پیروی کرتا ہے۔ تحقیق کی دوسری شرط منطقی ہونا ہے۔ منطقی ہونے کا مطلب یہ ہے کہ تحقیق میں استدلال، دلیل، اور تجزیے کی بنیادیں مضبوط اور معقول ہوں۔ تحقیق کے ہر مرحلے میں محقق کو اپنے طریقہ کار اور نتائج کو منطقی اصولوں کی روشنی میں جانچنا ہوتا ہے تاکہ تحقیق میں شامل تمام عناصر ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگ ہوں اور کسی بھی قسم کی مغالطے یا تضاد سے بچا جا سکے۔ منطقی استدلال میں نہ صرف حقائق کی تائید کی جاتی ہے بلکہ ان کی توضیح اور تشریح بھی کی جاتی ہے تاکہ تحقیق کے نتائج نہ صرف مفہوم بلکہ مستند بھی ہوں۔
تحقیق کے منظوم ہونے کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ ایک خاص نظم کی بدولت محقق ایک تو نتائج تک پہنچتا ہے اور دوسرے ان نتائج کو دوبارہ چیک کرنے کا طریقہ بھی جان جاتا ہے ۔ نظم کی وجہ سے کسی غیر ضروری مفروضے یا تعصب سے بچنے کی خاطر تحقیق کی روشنی میں حاصل شدہ ڈیٹا کو صحیح طریقے سے ترتیب دینا اور پھر اسے منطقی بنیادوں پر تجزیہ کرنا ممکن ہوجاتا ہے۔
اسی طرح منطقی ہونے کا فائدہ یہ ہے کہ تحقیق میں استدلال، دلیل، اور تجزیے کی بنیادیں مضبوط اور معقول ہو جاتی ہیں۔ اس سے تحقیق میں شامل تمام عناصر ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگ اور کسی بھی قسم کی مغالطے یا تضاد سے محفوظ ہو جاتے ہیں۔ منطقی طریقہ کار کے باعث حقائق کی تائید، توضیح اور تشریح بھی کی جاتی ہے تاکہ تحقیق کے نتائج مستند اور معیاری ہوں۔
کسی مسئلے کو سمجھنے، کسی نظریے کو جانچنے، یا حقیقت تک پہنچنے کے لیے ایک خاص منطقی طریقہ کار انتخاب کیا جاتا ہے۔ اس منطقی طریقہ کار کے مطابق محقق اپنی تحقیق ایک واضح سوال یا مقصد کے ساتھ شروع کرتا ہے اور اس سوال کا جواب یا مقصد حاصل کرنے کے لیے مربوط اور تسلسل کے ساتھ مختلف مراحل طے کرتا ہے۔ یہ مراحل تحقیق کی نوعیت اور مقصد کے مطابق مختلف ہو سکتے ہیں لیکن ان کا عمومی ڈھانچہ ایک ترتیب کے مطابق ہوتا ہے، جس میں تحقیق کے سوالات یا مفروضات کو درست ثابت یا رد کرنے والے مسائل کی وضاحت، ڈیٹا کا جمع کرنا، تجزیہ کرنا، اور پھر ان نتائج تک پہنچنا شامل ہوتا ہے ۔
تحقیق کی پہلی بنیاد علمیت ہے، جو "علم" کی حقیقت اور اس کے ماخذ پر سوال اٹھاتی ہے۔ یہ علم کے حصول کے ذرائع﴿چاہے وہ تجربہ، مشاہدہ، عقل، یا وحی ہوں﴾کی وضاحت فراہم کرتی ہے۔ مختلف علمی مکاتبِ فکر میں علم کے ماخذ پر مختلف آراء ہو سکتی ہیں، تاہم ایک علمی تحقیق میں علم کا حصول منطقی، مستند اور قابلِ دلیل ہونا چاہیے۔ منطق تحقیق کا ڈھانچہ فراہم کرتی ہے اور یہ استدلال کے طریقوں، جیسے قیاس، استقراء اور تمثیل میں فرق کو واضح کرتی ہے۔ تحقیق میں استدلال کی درستگی کے لئے منطقی اصولوں کی پیروی لازمی ہے تاکہ نتائج محض مفروضات، مغالطوں یا تضادات پر مبنی نہ ہوں۔ تحقیق کا مقصد صحیح اور معتبر استدلال کی بنیاد پر نتیجہ اخذ کرنا ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ تحقیق کے موضوع کا وجودی سطح پر تجزیہ کیا جاتا ہے تاکہ یہ سمجھا جا سکے کہ کیا یہ مادی حقیقت ہے یا اعتباری تصور؟ یعنی جس شئے کے بارے میں تحقیق کی جا رہی ہے حقیقت میں اس کا کیا وجود ہے اور اس کا جوہر کیا ہے۔مثال کے طور پر، سماجی حقائق مادی نہیں بلکہ سوشیل کنسٹرکٹس ہیں جبکہ طبیعی حقائق تجرباتی اور مادی نوعیت رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ سوشیل کنسٹرکٹس وہ مفاہیم یا تصورات ہیں جو معاشرتی طور پر تخلیق کیے گئے ہوتے ہیں اور جن کا حقیقت سے براہِ راست تعلق نہیں ہوتا۔ یہ انسان کے اجتماعی ذہن اور اجتماعی عقل نیز اجتماعی تجربات کا حصہ ہوتے ہیں جیسے قومیت، مذہب، نسل، جنس، اور مفہوم وغیرہ۔ یہ سب سماجی اتفاقات ہیں، جو انسانوں کے درمیان بات چیت، ثقافت، اور روایات کے ذریعے تشکیل پاتے ہیں۔ دوسری طرف طبیعی حقائق کے تجرباتی اور مادی ہونے سے مراد یہ ہے کہ طبیعی حقیقتیں وہ حقیقتیں ہیں جو فطرت میں موجود ہوتی ہیں اور ان کا مشاہدہ یا تجربہ صرف مادی (جسمانی) دنیامیں کیا جا سکتا ہے۔ ان کا تعلق قدرتی قوانین سے ہوتا ہے، جیسے کہ کششِ ثقل ، حرکت ، دورانِ وقت (time's passage)، الیکٹرو میگنیٹک فورسز وغیرہ۔
مثال کے طور پر جب ہم زمین کی کششِ ثقل کا تجربہ کرتے ہیں تو یہ ایک مادی حقیقت ہے جس کا مشاہدہ ہم خود اپنی جسمانی موجودگی میں کرتے ہیں۔ جب آپ ایک پتھر کو اوپر کی طرف پھینکتے ہیں، وہ نیچے آتا ہے یہ کششِ ثقل کا مظہر ہے اور اسے کسی بھی سائنسی طریقہ کار سے ثابت کیا جا سکتا ہے۔
یہاں پر یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ ایک مشخص " طریقۂ کار" کسی بھی تحقیق کی بنیاد ہے ۔ یعنی تحقیق کے دوران یہ مشخص ہونا چاہیے کہ کس طرح سے ڈیٹا جمع کیا جائے گا، اس کا تجزیہ کس طریقے سے کیا جائے گا اور اس پر نتیجہ کس بنیاد پر اخذ کیا جائے گا۔ تحقیق کرنے کے دو اہم طریقے ہیں: استقرائی طریقہ﴿ جزوی مشاہدات یا حقائق سے عمومی اصولوں کی جانب استنتاج کرنا﴾ اور قیاسی طریقہ ﴿عمومی اصولوں سے مخصوص نتائج اخذ کرنا﴾۔
یہ ایک اٹل حقیقت ہے کہ محقق کو اپنے ذاتی تعصبات، خیالات یا عقائد سے بالاتر ہو کر صرف اور صرف حقیقت کی تلاش کرنی ہوتی ہے ۔ لہذا تحقیق کی فطری نوعیت یہ ہے کہ تحقیق سوال کے گرد گھومتی ہے نہ کہ کسی کی ذاتی پسند و ناپسند کے گرد۔ تحقیق میں مستند ماخذ کی اہمیت بنیادی ہے۔ یہ ضروری ہے کہ تحقیق کی ساکھ اور معتبر نتائج کو یقینی بنانے کیلئے تحقیقی مواد اور حوالہ جات کی سچائی اور درستی کی جانچ پرکھ کی جائے ۔۔ غیر مستند یا غیر مصدقہ حوالہ جات تحقیق کے علمی معیار کو متاثر کرتے ہیں اور اس کی صداقت پر سوال اٹھاتے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ تنقیدی شعور تحقیق کا ایک اہم پہلو ہے جس میں معلومات کو محض نقل کرنے یا دہرانے کی بجائے ان پر گہرائی سے غور کیا جاتا ہے، ان کے تنقیدی تجزیے کی کوشش کی جاتی ہے اور نئے زاویوں کا مطالعہ کیا جاتا ہے۔ تنقیدی سوچ ہماری تحقیق کے عمل کو جمود سے بچاتی ہے اور اس میں ارتقاء کا عُنصر شامل کرتی ہے۔ تنقیدی شعور کے ہمراہ تحقیقی اخلاق کی رعایت بھی لازمی ہے۔ اخلاقِ تحقیق میں امانت داری، سچائی، حوالہ جات کی صداقت، سرقہ سے اجتناب، اور دوسرے محققین کے نظریات کا احترام شامل ہیں۔ اخلاقی اصولوں کے بغیر تحقیق میں سچائی کا فقدان یقینی ہے اور اس کے نتائج میں غلطی سے نہیں بچا جا سکتا۔
اگلہ مرحلہ تشکیلی و تحلیلی توازن کو برقرار رکھنے کا ہے۔ تشکیلی و تحلیلی توازن کا مطلب ہے کہ تحقیق یا کسی بھی علمی عمل میں تجزیہ (analysis) اور ترکیب (synthesis) کے عناصر کو متوازن اور ہم آہنگ طریقے سے استعمال کیا جائے تاکہ ایک مکمل اور بامقصد نتیجہ حاصل ہو سکے۔ اس توازن کا مقصد یہ ہے کہ تحقیق کی تفصیلات پر گہری روشنی ڈالی جائے (تجزیہ) اور مختلف متفرق معلومات کو اکٹھا کر کے نئے فکری تصورات یا نقطہ نظر تخلیق کیے جائیں (ترکیب)۔تجزیہ کرنے کے عمل کے دوران کسی موضوع کو توڑ کر اس کے مختلف اجزاء یا پہلوؤں کا تفصیل سے جائزہ لیا جاتا ہے تاکہ ان کے درمیان روابط اور تضادات کو سمجھا جا سکے۔ اسی طرح ترکیب کے عمل میں مختلف معلومات، نظریات یا خیالات کو یکجا کر کے ایک نیا اور جامع فریم ورک یا تصور تشکیل دیا جاتا ہے۔اگر یہ دونوں عناصر ایک دوسرے کے ساتھ توازن میں ہوں تو تحقیق یا علمی کام زیادہ بامقصد، گہرا اور مفید بنتا ہے۔ تجزیہ اور ترکیب کا صحیح امتزاج تحقیق کو منطقی اور واضح بنانے کے ساتھ ساتھ اس کے فکری، علمی یا سماجی اثرات کو بھی زیادہ موثر بناتا ہے۔ تحقیق میں استدلال، دلیل اور تجزیہ اس بات کی ضمانت دیتے ہیں کہ نتیجہ محض مفروضات پر مبنی نہیں ہوگا بلکہ اس کے ذریعے مستند حقیقت کا انکشاف ہوگا۔









0 comments:
ایک تبصرہ شائع کریں
اپنا پیغام لکھیں