رپورٹ: مزمل حسین( انچارج دارالتحقیق جامعہ الرّضا اسلام آباد )
جامعہ الرضا بارکہو، اسلام آباد میں دارالتحقیق کی باقاعدہ فعالیت کا آغاز نومبر 2024 میں جامعۃ المصطفی العالمیہ کے تعاون سے ہوا۔ اس شعبے کا مقصد طلبا کی علمی ، تحقیقی اور عملی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا اور انہیں جدید دور کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ آغاز میں ہی ادارے کے شعبہ تحقیق سے متعلقہ اساتذہ ِ کرام نے چند ذمہ دار افراد پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی تاکہ شعبہ تحقیق کے امور کو منظم انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔
ابتدائی طور پر راقم الحروف کو شعبہ تحقیق کا انچارج مقرر کیا گیا ۔شعبہ تحقیق کی پہلی سرگرمی کے طور پر ان طلبا کی نشاندہی کی گئی جو تعلیم و تربیّت کا از خود شوق دوسروں کی نسبت زیادہ رکھتے تھے۔ اس کیلئے چند مرتبہ مختلف طریقوں سے سروے کیا گیا اور ان طلبا کی مہارتوں کو مزید نکھارنے اور بڑھانے کے لیے منصوبہ بندی شروع کر دی گئی۔
پہلے مرحلے میں ان طلبا کیلئے کمپوٹر سے آشنائی کا کورس شروع کیا گیا۔ اس کورس کیلئے ابتدا میں ہی ماہانہ تقریباً 40 گھنٹوں کا وقت طے کیا گیا تھا۔ جس میں طلبہ کو کمپیوٹر کے بنیادی استعمال کے ساتھ ساتھ مائیکروسافٹ آفس (ورڈ، ایکسل، پاور پوائنٹ) کے بنیادی کام سکھائے گئے۔
یہ فقط کمپیوٹر سے آشنائی کا کورس ہی نہیں تھا بلکہ اس سے جامعۃ الرضا کی پہلے سے موجود کمپیوٹر لیب کو فعال کیا گیا۔ علاوہ ازیں اسی کورس کے دوران طلبا میں کی دیگر صلاحیتوں مثلاً
1. روش تحقیق،2. مباحثہ، 3. فنِ خطابت، 4. تحریری صلاحیتوں اور گفتگو کی مہارتوں کی جانچ پرکھ اور ان کی سطح کی میزان کا تعیّن بھی ساتھ ساتھ کیا جاتا رہا۔ یہ کورس مکمل ہونے کے بعد مدرسے کے طلبا کی ایک بڑی تعداد نے دارالتحقیق کی سرگرمیوں میں حصّہ لینے کے شوق کا اظہار کیا جس کی روشنی میں شعبہ تحقیق کی سرگرمیوں میں کو مزید وسعت دینے کے لیے8 جنوری ۲۰۲۵ کو شعبہ تحقیق کے مسئولین کی ماہانہ وار نشست ہوئی جس میں گزشتہ مہینے کی فعالیت کا جائزہ لیا گیا اور ادارے اور طلبا کی ضرورت کے پیشِ نظر مندرجہ ذیل مزید شعبہ جات اور مسؤلین کا انتخاب کیا گیا :
1. کمپیوٹر تعلیم:
وہ طلبہ جو پہلے تربیت حاصل نہ کر سکے، ان کے لیے دوبارہ مواقع فراہم کیا جائے۔ جنہوں نے پہلے کورس کیا ہے وہ اپنا پریکٹیکل منظم انداز میں جاری رکھیں تاکہ بھول نہ جائیں۔
2. مطالعاتی و تربیتی فلمیں و ڈاکومنٹریز:
بہت ساری ایسی معلومات اور تربیتی سرگرمیاں ہیں جن میں تاریخی و مستند ڈاکومنٹریز اور فلمیں بہت زیادہ مفید اور موثر ہیں۔ چنانچہ اس سلسلے کو منظم انداز میں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔
3. مقالہ نویسی اور مضمون نویسی:
ایک دینی طالب علم کی زندگی میں مقالہ نویسی اور مضمون نویسی کی اہمیت سے ہر شخص باخبر ہے۔ اس اہمیت کے پیش نظر اس شعبے کیلئے مسئول کا تعیّن بھی کیا گیا اور باہمی مشورے سے اس کے آغاز کا شیڈول بھی مرتب کیا گیا۔
4. فنِ خطابت:
فن خطابت اور دینی طلبا لازم و ملزوم ہیں۔ خطابت کو پُرکشش لیکن تحقیقی اور علمی انداز میں سیکھنے کیلئے اس شعبے کے آغاز پر اتفاق کیا گیا ۔
5. مختلف ادیان، مسالک اور اسلامی علوم و فقہی تقسیم کار سے آشنائی:
دینی طلبا کی ذہنی و قلبی وسعت کیلئے مختلف ادیان، مسالک اور اسلامی علوم و فقہی تقسیم کار سے آشنائی ضروری ہے۔ اس کیلئے بھی باقاعدہ سوچنے اور اس ضرورت کو پورا کرنے کیلئے مختلف سرگرمیوں کو یقینی بنانے کیلئے ایک مسئول کا انتخاب کیا گیا۔
6. اسکاؤٹنگ اور سپورٹس :
جامعۃ الرضا کے طلبا کو سپورٹس اور اسکاوٹنگ کی معیاری سہولیات اور امکانات کی فراہمی کیلئے حسبِ امکان شرائط کو فراہم کرنے کیلئے بھی ایک مسئول کا انتخاب کیا گیا۔
یاد رہے کہ طلبا کی طرف سے اپنی فکری اور ذہنی نشوونما کیلئے مندرجہ ذیل سرگرمیوں کا کوئی باقاعدہ سلسلہ شروع کرنے کے شوق کا اظہار بھی کیا گیا، جیسے متن شناسی، سوشل سائنسز سے آشنائی، اسلامی فن و ثقافت، انسانی تہذیب و تمدن، زبان و ادب (شاعری، تقریر، خطابت، تحریر)، اسلام میں قصص اور داستان گوئی و داستان نویسی کا فن، ادب اطفال، فکشن اور فینٹسی سے اجمالی آشنائی،مصنوعی ذہانت (AI)، صحت و صفائی، فرسٹ ایڈ۔۔۔ چنانچہ اس کیلئے " پرورشِ فکر" کے عنوان سے ایک الگ شعبے کی منصوبہ بندی کرنے کیلئے ایک دوست کو ٹاسک دیا گیا۔
خوشی کی بات یہ ہے کہ مذکورہ تمام سرگرمیاں جامعۃ الرضا کے طلبا نے اپنے ذوق و شوق سے شروع کی ہیں، اور ان کا وقت بھی وہ خود ہی منظم کرتے ہیں، اور ساتھ ہی ساتھ ان ساری سرگرمیوں کی مدیریت بھی خود طلبا ہی کرتے ہیں، جس سے ان کی مدیرانہ اور مدبرانہ صلاحیتوں کو بھی نکھرنے کا موقع مل رہا ہے۔









0 comments:
ایک تبصرہ شائع کریں
اپنا پیغام لکھیں