زیرِ ادارت: ڈاکٹر نذر حافی

Most Popular

خصوصی سیریز

عالمی سیاست

سُکُوتِ لالَہ و گُل سے کَلام پَیدا کَر

ہمارے بارے میں

میری تصویر
PHD Jamiat al-Mustafa International University, Qom, Iran

جمعہ، 26 دسمبر، 2025

تحقیق کی اصطلاح کا غلط استعمال

تحقیق کی اصطلاح  کا غلط استعمال
ڈاکٹر نذر حافی
علم کی تلاش انسانی شعور کی سب سے بنیادی اور لازمی جستجو ہے۔ انسان فطرتاً تجسس و معرفت کا حامل ہے۔اس تجسس و معرفت کی جستجو کے  تین  اہم پہلو ہیں: مطالعہ ، تحقیق اور تالیف۔ اگرچہ تینوں  ایک دوسرے سے مربوط ہیں، مگر ان کے  طریقہ کار اور نتائج  میں نمایاں فرق پایا جاتا ہے۔
تحقیق ایک منظم، مربوط اور  بامقصد عمل ہے۔ اس سے مراد یہ ہے کہ تحقیق محض خیالات کی بے ترتیب، یا  ترتیب شُدہ پیش کش یا معلومات کی اندھا دھند جمع آوری نہیں ہوتی بلکہ متعین ہدف کے تحت شواہد کی واضح ترتیب اور  باہمی منطقی و مفہومی  ربط سے نتائج تک پہنچنے کا نام تحقیق ہے ۔عصرِ حاضر کے علمی منظرنامے میں یہ امر باعثِ تشویش ہے کہ بعض اہلِ علم حضرات لفظ تحقیق کو بے محل استعمال کر کے مفہومی خلط کا سبب بن رہے ہیں۔ اس خلط کے باعث اکثر طلبا  کئی سالوں تک یہ سمجھ ہی نہیں پاتے کہ تحقیق کسے کہتے ہیں؟  چند اوراق کی نقل، چند مصادر کی ترتیب اور چند اقتباسات کی آمیزش کو تحقیق کا نام دینا، درحقیقت تحقیق کے مفہوم سے ناواقفیت کی دلیل ہے۔ تحقیق جمعِ مطالب کے بجائے  نظمِ افکار، ضبطِ منہج اور تہذیبِ استدلال کا نام ہے۔ اس کی وضاحت کچھ یوں ہے کہ تحقیقی عمل کا سوال سے آغاز، فرضیے پر قیام اور آزمائش پر انجام ہوتا ہے۔ یہ عمل کبھی  حقیقت کی تلاش کیلئے اور کبھی صداقت کی توضیح کیلئے انجام پاتاہے۔ ہر علم میں اگرچہ تحقیق کے اصول مختلف ہوتے ہیں، تاہم ضبطِ طریق اور التزامِ منہج تحقیق کی مشترک بنیاد ہیں۔
تحقیق کو سمجھنے کیلئے اس کا مطالعہ کرنے کے ساتھ جو فرق ہے وہ بھی سمجھنا ضروری ہے۔ تحقیق کے برعکس مطالعہ، فہمِ متن اور افزائشِ معلومات کا وسیلہ ہے۔ مطالعہ نظر کو وسعت دیتا ہے جبکہ تحقیق نظر کو جہت و سمت عطا کرتی ہے،  مطالعہ ذہن کو کچھ نیا سمجھنے کیلئے آمادہ کرتا ہے  جبکہ تحقیق ذہن کو سمجھنے کیلئے  منظم بناتی ہے۔ پس مطالعہ اور تحقیق کو مترادف سمجھنا نہ علمی ہے نہ منطقی۔  عام طور پر مطالعے کی رپورٹ کو تحقیق کہہ دیا جاتا ہے۔ مطالعے کی رپورٹ ایک علمی دستاویز ہے جس میں کسی موضوع پر موجود کتابوں، ماخذات  اور  مواد کا اقتباسات، مفاہیم  اور تنقیدی جائزہ پیش کیا جاتا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد طلبا یا قاری کو موضوع کی موجودہ معلومات سے روشناس کرانا اور سیکھنے کی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔ اگرچہ مطالعے میں تلاش اور جستجو ضرور شامل ہوتی ہے لیکن  یہ عمل تحقیق کے تقاضوں کو پورا نہیں کرتا۔ اس میں منظّم طریقہ کار،  سوال، فرضیہ اور تجرباتی یا منطقی جانچ کی خصوصیات موجود نہیں ہوتیں۔ یوں مطالعے کی رپورٹ  کو تحقیق کہنا یا سمجھنا  اتنا ہی غلط ہے جتنا کسی مطالعہ کرنے والے شخص کو محقق سمجھنا یا کہنا غلط ہے۔
یاد رہے کہ جامعات میں طلبا سے جو درسی رپورٹس یا مقالات طلب کیے جاتے ہیں، ان کا مقصد استنباطِ نتائج یا اثباتِ نظریات  کے بجائے “ تتبعِ منابع اور مشقِ مطالعہ” ہوتا ہے۔ ایسی تحریریں علمی تربیت کا  ابتدائی ذریعہ ہوتی ہیں لیکن بعض افراد انہیں  تحقیق کا بدل سمجھ رہے ہوتے ہیں۔ جب تک طالبِ علم اصولِ تحقیق سے بہرہ مند نہ ہو، اس سے تحقیقی کاوش کی توقع عبث ہے۔
یہاں پر اس عبارت “ تَتَبُّعِ الْمَنَابِعِ وَ مَشْقِ الْمُطَالَعَةِ” کی مزید وضاحت ضروری ہے۔ جامعات میں طلبا سے جو درسی رپورٹس یا مقالات طلب کیے جاتے ہیں، ان کا بنیادی مقصد طلبا کو ایک تمرین کے طور پر  تحقیقی طریقہ کار سے روشناس کرانا اور ان میں مطالعہ و جستجو کی صلاحیت پیدا کرنا ہوتا ہے  نہ کہ ان سے باقاعدہ تحقیقی نتائج یا  کسی علمی نظریے کی تولید کی توقع رکھی جاتی ہے۔
تَتَبُّعِ الْمَنَابِعِ سے مراد یہ ہے کہ طالبِ علم مختلف کتب، مقالات اور مستند ماخذ کی تلاش کرے، ان کا مطالعہ کرے اور متعلقہ مواد کو جمع کر کے منظم انداز میں پیش کرے۔ اس مرحلے پر سارا  زور معلومات کی تلاش اور درست حوالہ جات کے استعمال پر ہوتا ہے، نہ کہ طالب علم کے  ذاتی تجزیے یا فیصلے پر۔
مَشْقِ الْمُطَالَعَةِ  ﴿مشقِ مطالعہ﴾  کا مقصد طلبا کو علمی متون کو سمجھنے، ان کے اہم نکات اخذ کرنے اور انہیں مربوط انداز میں تحریر کرنے کی عادت ڈالنا  ہوتاہے۔ اس عمل کے ذریعے طالبِ علم کے فہم، زبان اور اظہار کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔
اب آئیے تحقیق کی طرف۔ تحقیق کا مقصد  “ استنباطِ نتائج” ہوتا ہے۔ اس میں محقق دستیاب شواہد، دلائل اور تجزیے کی بنیاد پر کسی واضح نتیجے تک پہنچتا ہے۔ اس عمل میں جمع شُدہ معلومات کی منطقی، تاریخی و مفہومی تہذیب   و ترتیب سے  معقول نتائج اخذ کیے جاتے ہیں۔ استنباطِ نتائج کے لیے تین چیزیں ضروری ہیں۔۱۔ تحقیقی منہج ۲۔ تجزیاتی مہارت ۳۔علمی پختگی
 ۱۔  تحقیقی منہج ۔  ایک ایسا  منظم اور مقررہ طریقہ  جس کے تحت محقق مسئلے کی تحقیق کرتا ہے۔ اس میں سوالات کی تشخیص، مواد کا انتخاب، ڈیٹا کی جمع آوری، تجزیہ اور نتائج کی ترتیب شامل ہوتی ہے۔ بغیر تحقیقی منہج کے، محقق کا استنباط غیر منطقی یا بے بنیاد ہو سکتا ہے۔
۲۔تجزیاتی مہارت: تجزیاتی مہارت کو Analytical Skill بھی کہتے ہیں۔  یہ ایک ایسی علمی صلاحیت ہے جو محقق یا طالب علم کو مواد یا ڈیٹا کے مختلف پہلوؤں کو سمجھنے کی قوت فراہم کرتی ہے۔ اس میں سب سے پہلے معلومات کی تفہیم شامل ہے، یعنی مواد کو غور سے پڑھنا، اہم نکات کو پہچاننا اور غیر ضروری معلومات کو الگ کرنا۔ اس کے بعد اس صلاحیت کے ذریعے محقق مختلف عوامل کے باہمی تعلقات اور اثرات کو جانچتا ہے، تاکہ منطقی اور مستند نتائج اخذ کیے جا سکیں۔
مزید برآں، تجزیاتی مہارت محقق کو مواد کو منظم انداز میں تقسیم کرنے اور اس کا منطقی تجزیہ کرنے کے قابل بناتی ہے، جس سے معلومات کو ترتیب دینا اور ان سے درست استنباط کرنا آسان ہو جاتا ہے۔ آخر میں، یہ مہارت نتائج اخذ کرنے میں معاون ہوتی ہے، یعنی دستیاب شواہد اور دلائل کی بنیاد پر معقول اور غیر جانبدارانہ نتائج تک پہنچنا۔ یوں، تجزیاتی مہارت تحقیق کی کامیابی اور علمی نتائج کی درستگی کے لیے ایک لازمی جزو ہے۔
۳۔ علمی پختگی :  علمی پختگی  کا دوسرا نام Scholarly Maturity ہے۔ یہ صلاحیّت  کسی محقق یا طالب علم کو معلومات کے معیار اور اہمیت کو پرکھنے، نتائج کو منطقی انداز میں سمجھنے اور علم کے مختلف پہلوؤں میں متوازن فیصلہ کرنے کے قابل بناتی ہے۔ یہ اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ محقق دستیاب شواہد اور دلائل کا بغور تجزیہ کرے، مختلف نظریات اور نتائج میں توازن برقرار رکھے، اور اپنے نتائج یا رائے میں غلط فہمی، تعصّب یا قیاس سے بچتے ہوئے معروضی اور مستند فیصلہ کرے۔
مثال کے طور پر، اگر ایک محقق شہری نوجوانوں میں مطالعے کی عادت اور سوشل میڈیا کے اثرات کا مطالعہ کر رہا ہے، تو علمی پختگی کی مدد سے وہ ہر ڈیٹا پوائنٹ کو بغور پرکھے گا، مختلف عوامل کے اثرات کو محتاط انداز میں جانچے گا، اور کسی نتیجے پر پہنچنے سے پہلے شواہد کی مکمل جانچ کرے گا۔ یوں، علمی پختگی تحقیق کے معیار اور ساکھ کو برقرار رکھنے اور قابل اعتماد نتائج تک پہنچنے کے لیے لازمی جزو ہے۔
سادہ الفاظ میں  تجزیاتی مہارت”کیسے تجزیہ کرنا ہے” سکھاتی ہے اور  علمی پختگی “ کس چیز کا  تجزیہ کرنا چاہیے، کسے تجزیہ کہتے ہیں  اور تجزیے کے دوران  کس طرح معروضی رہنا ہے”  سکھاتی ہے۔
اسی طرح اثباتِ نظریات سے مراد کسی نظریے یا فرضیے کو دلیل، شواہد اور منظم تجزیے کے ذریعے درست ثابت کرنا یا رد کرنا ہے۔ یہ مرحلہ اعلیٰ سطح کی تحقیق سے تعلق رکھتا ہے اور اس میں سوال، فرضیہ اور آزمائش جیسے تحقیقی اجزا شامل ہوتے ہیں۔ اس قسم کا کام عام طور پر وہی شخص انجام دے سکتا ہے جو تحقیق کے اصول و قواعد سے باقاعدہ طور پر واقف ہو۔
اب اسے ایک مثال سے سمجھئے:
اگر کسی طالبِ علم کو “اسلامی معاشرے میں تعلیم کی اہمیت” پر درسی رپورٹ لکھنے کو کہا جائے تو  وہ مختلف کتابوں اور مضامین سے متعلقہ مواد جمع کرے گا (تتبعِ منابع)، اس مواد کو سمجھ کر منظم انداز میں پیش کرے گا (مشقِ مطالعہ)۔ اس سے یہ توقع نہیں کی جائے گی کہ  وہ تعلیمی پسماندگی کے اسباب پر حتمی نتائج اخذ کرے (استنباطِ نتائج)، یا کسی نئے تعلیمی نظریے کو سائنسی انداز میں ثابت کرے (اثباتِ نظریات)۔
 اس کے بعد تحقیق اور تالیف کے درمیان فرق کو سمجھنا  بھی انتہائی ضروری ہے۔تالیف، لغوی اعتبار سے تالیفِ قلوب کی مانند، مختلف افکار کو یکجا کر کے ایک منظم قالب میں ڈھالنے کا نام ہے۔ اس میں محنت، حوصلہ اور ترتیب شرطِ اوّل ہیں۔ تاہم مؤلف اور محقق کے مابین کام کی  نوعیت کا فرق ہے۔مؤلف مصادر سے مواد اخذ کر کے اسے حسنِ ترتیب کے ساتھ پیش کرتا ہے جبکہ محقق مواد کو پرکھتا ہے، دلیل سے تولتا ہے اور فکر کی کسوٹی پر پرکھ کر نتائج اخذ کرتا ہے۔ محقق نہ صرف ناقلِ علم نہیں بلکہ خالقِ معنی  اور ناقدِ علمی ہوتا ہے،  وہ یا تو نظریہ قائم کرتا ہے، یا قائم شدہ نظریے کو دلیل سے مستحکم یا ردّ کرتا ہے۔نظریہ پردازی ذہنی استحکام، فکری گہرائی اور منہجِ محققانہ کی طالب ہے۔ اگرچہ تتبع و کاوش تحقیق کا دیباچہ بن سکتے ہیں، مگر محض جمع آوری کو تحقیق کہنا اہلِ علم کے شایانِ شان نہیں۔
 اس کے بعد اب ہم  قارئین کہ سہولت کیلئے تحقیق کی کچھ اقسام کا بھی ذکر کئے دیتے ہیں:
اہلِ منہج نے تحقیق کی متعدد اقسام بیان کی ہیں، تاہم علومِ سماجی و سیاسی میں تحقیق کو عموماً تین بنیادی صورتوں میں تقسیم کیا جاتا ہے: ۱۔ اکتشافی تحقیق ۲۔ توصیفی تحقیق ۳۔ تبیینی تحقیق
۱۔ اکتشافی تحقیق
اکتشافی تحقیق کا مقصد مجہول کو معلوم بنانا اور مبہم کو واضح کرنا ہے۔ یہ تحقیق سوال کا آغاز تو ہے، مگر جواب کا اختتام نہیں۔ اس میں فرضیہ نہیں باندھا جاتا بلکہ مسئلے کا اجمالی خاکہ مرتب کیا جاتا ہے۔ یہ تحقیق فکر کو وسعت دیتی ہے اور تحقیقِ عمیق کے لیے زمین ہموار کرتی ہے۔ باالفاظِ دیگر اکتشافی تحقیق کا مقصد کسی ایسے مسئلے یا مظہر کی ابتدائی تفہیم حاصل کرنا ہوتا ہے جس کے بارے میں خاطر خواہ معلومات موجود نہ ہوں۔ اس نوع کی تحقیق محقق کو موضوع کے بنیادی خد و خال سے آگاہ کرتی ہے اور آئندہ تفصیلی تحقیق کے لیے راہ ہموار کرتی ہے۔ اس میں عموماً کوئی فرضیہ قائم نہیں کیا جاتا بلکہ مسئلے کا عمومی اندازہ پیش کیا جاتا ہے۔
 ۲۔توصیفی تحقیق
توصیفی تحقیق کا ہدف حقیقت کی تصویر کشی ہے، نہ کہ اس کی تعبیر یا تعبیر پر حکم۔ اس میں مظاہر کی حدود، اوصاف اور ابعاد کو معروضی انداز میں بیان کیا جاتا ہے۔ یہ تحقیق “کیا ہے” کا جواب دیتی ہے، “کیوں ہے” کا نہیں۔
 ۳۔تبیینی تحقیق
تبیینی تحقیق، جو تحقیقِ علمی کی معراج سمجھی جاتی ہے، متغیرات کے مابین علت و معلول کے روابط کی جستجو کرتی ہے۔ اگرچہ علومِ سماجی میں یہ روابط قطعی نہیں بلکہ احتمالی ہوتے ہیں، تاہم منہجِ استدلال اور ترتیبِ آزمائش اس تحقیق کو دیگر اقسام پر فوقیت عطا کرتی ہے۔ اسی لئے تبیینی تحقیق کو  سائنسی تحقیق بھی کہا جاتا ہے۔ اس میں سوال، فرضیہ اور آزمائش کے مراحل واضح طور پر موجود ہوتے ہیں۔ چنانچہ ایک سنجیدہ محقق کے لیے تبیینی تحقیق کی صلاحیت کا حصول بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ تحقیق کی جامع تعریف درحقیقت اسی نوع پر صادق آتی ہے۔
المختصر یہ کہ مطالعہ ہمیں موجودہ علم کے بحر سے روشنی حاصل کرنے کی قوت عطا کرتا ہے، ذہن کو وسعت بخشتا اور ادراک کو تازگی دیتا ہے، مگر یہ روشنی محض معلومات کی روشنی ہوتی ہے، جو حقیقت کی گہرائیوں تک نہیں پہنچتی۔ تحقیق اس روشنی کو اندھیروں میں لے جانے والا چراغ ہے، جو سوالات کو غور و فکر کی طاقت عطا کرتا ہے، فرضیات کو آزمایش کے شکنجے میں پرکھتا، اور علم کی حقیقت تک پہنچنے کا راستہ روشن کرتا ہے۔ یہ دلائل، ثبوت اور تنقیدی سوچ کے ذریعے نئی بصیرت اور علمی تخلیق کی بنیاد رکھتا ہے۔ تالیف اس شعاع کو منظم اور ہم آہنگ شکل دینے کا فن ہے، جو مختلف ذرائع کی معلومات کو یکجا کر کے علم کی مکمل اور مربوط تصویر پیش کرتی ہے۔ اگر مطالعہ بنیاد ہے، اور تحقیق علم کی گہرائی و حقیقت کی روح ہے، تو تالیف اس علم کی جمالیات اور ترتیب ہے، جو قارئین کے لیے علم کو قابل فہم اور اثر پذیر بناتی ہے۔ یوں مطالعہ، تحقیق اور تالیف ایک دوسرے  سے مختلف بھی ہیں اور ایک دوسرے کے بغیر نامکمل بھی۔ ایک روشنی دیتا ہے، دوسرا اسے حقیقت میں بدلتا ہے، اور تیسرا اسے حسن و ہمواری کے ساتھ دنیا کے سامنے پیش کرتا ہے۔ تینوں کو تحقیق کہہ دینا یہ تحقیق کی اصطلاح کا غلط استعمال ہے، اس غلط استعمال کی  وجہ چاہے کچھ بھی ہو۔


0 comments:

ایک تبصرہ شائع کریں

اپنا پیغام لکھیں

 
ممبرشپ رسائی

وائس آف نیشن کمیونٹی میں شامل ہوں

محفوظ سبسکرپشن کے لئے گوگل سے سائن اِن کریں اور پلیٹ فارم جاری رکھیں۔

  • نئی تحقیقی اشاعتوں تک ترجیحی رسائی۔
  • گوگل تصدیق کے ذریعے محفوظ شناخت۔
  • سبسکرائبرز کے لئے بہتر اور ذاتی تجربہ۔
سبسکرپشن کامیاب ہوگئی۔

Send Your Article

Submit your article here. It will stay off the public website.
Fill the form and submit your article.

Admin Feedback

Your latest feedback messages are shown below.

ایڈمن لاگ اِن

خفیہ کھولنے کے لئے صفحے میں کہیں بھی adminnazar لکھیں۔

ایڈمن اختیارات

سب سے پہلے وہ کام منتخب کریں جو آپ کرنا چاہتے ہیں۔
کاپی کی اجازت = ویب سائٹ پر ٹیکسٹ سلیکٹ/کاپی ہو سکے گا۔
ڈیش بورڈ = favicon، سلائیڈر تصاویر اور لنکس تبدیل کریں۔

ایڈمن ڈیش بورڈ

مرحلہ 1: جس چیز میں تبدیلی چاہیے وہ لکھیں۔
مرحلہ 2: تبدیلیاں محفوظ کریں پر کلک کریں۔
مرحلہ 3: صفحہ ریفریش کریں اور نتیجہ دیکھیں۔

وزیٹر رپورٹ

ایک شخص کو صرف ایک بار گنا جاتا ہے (کوکی + منفرد آئی ڈی کے ذریعے)۔
لائیو وزیٹرز (5 منٹ)
Loading...
آخری 1 گھنٹہ
Loading...
آخری 1 دن
Loading...
آخری 1 مہینہ
Loading...
آخری 1 سال
Loading...
کل یونیک وزیٹرز
Loading...
اس وزیٹر کی آئی ڈی
Loading...
گنتی کی حالت
Loading...
ڈیٹا سورس
Loading...
موجودہ بلاگ کے یونیک وزیٹرز
Loading...
کل سبسکرائبرز
Loading...
سبسکرائبرز (آخری 30 دن)
Loading...
مواد کی رپورٹ لوڈ ہو رہی ہے...
کل وزیٹر رپورٹ لوڈ ہو رہی ہے...
یوزر تفصیلات لوڈ ہو رہی ہیں...
سبسکرائبرز لوڈ ہو رہے ہیں...

ویب سائٹ شناخت

مشورہ: تصویر کا سیدھا لنک دیں (`.png`, `.ico`, `.jpg`)۔

سلائیڈر تصاویر

سلائیڈر تصاویر لوڈ ہو رہی ہیں...

لنکس مینیجر

User Article Submissions

Users can submit articles here. Approved articles will remain hidden from the public website so you can publish them manually from Blogger.
Article submissions are loading...