رپورٹ:سبطین حیدر: متعلم جامعۃ الرضا اسلام آباد
عراق کے مشہور و معروف علمی خاندان "خاندانِ حکیم" کے مجتہد آیت اللہ سید عز الدین حکیم کا دورہ جامعۃ الرضا ہمارے لئے بہت دلکشی اور دلچسپی کا حامل تھا۔ ایسی علمی شخصیات کے ایسے دورہ جات مختلف ممالک اور اقوام کے درمیان علمی و ثقافتی وحدت اور قربت کو فروغ دیتے ہیں۔اس سے طالب علموں کے حوصلے بلند ہوتے ہیں اور تعلیمی اداروں کو اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لانے کی سوچ پیدا ہوتی ہے۔
جامعۃ الرضا بارہ کہو اسلام آباد میں آیت اللہ سید عز الدین حکیم کی تشریف آوری کے مبارک موقع مدیرِ جامعۃ الرضا علامہ سید حسنین عباس گردیزی صاحب نے اساتذہ کرام، طلبا اور دیگر معزز شخصیات کے ہمراہ عراقی وفد کو خوش آمدید کہا۔اُن کی استقبال کیلئے خاص اہتمام کیا گیا۔یقینا اُن کی تشریف آوری طلبا اور اساتذہ کیلئےانتہائی روحانی و معنوی خوشی کا سبب تھی۔
مدرسے میں آیت اللہ سید عز الدین حکیم کے ساتھ اساتذہ کرام کی ایک خصوصی نشست ہوئی جس میں جامعۃ الرضا کے مدیر علامہ سید حسنین عباس گردیزی صاحب نے آیت اللہ سید عز الدین حکیم صاحب اور ان کے جملہ ساتھیوں کا جہاں شکریہ ادا کیا وہیں آیت اللہ سید عز الدین حکیم صاحب اور ان کے خاندان کی علمی و دینی خدمات کا ذکر بھی کیا اور ان کی تشریف آوری پر انہیں خوش آمدید بھی کہا۔ ان کے بعد مہمان شخصیت نے اپنا خطاب شروع کیا، جس میں انہوں نے علم دین کی فضیلت، علمائے کرام کے کردار اور طلبا کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔
اس نشست کے بعد سید عز الدین حکیم اور اُن کے وفد نے مسجد علی ابن ابی طالب بارہ کہو میں نماز مغربین ادا کی۔ نماز میں بڑی تعداد میں نمازی شریک ہوئے، جنہیں ایک جلیل القدر عالم دین کی اقتدا میں نماز ادا کرنے کا شرف حاصل ہوا۔ اس موقع پر آیت اللہ سید عز الدین حکیم نے نمازیوں سے ایک تفصیلی خطاب بھی کیا۔نمازیوں میں اساتذہ ، طلبا اور باہر سے آئے ہوئے لوگ بڑی تعداد میں شریک تھے۔معزز مہمان نے عربی زبان میں گفتگو کی جس کا ترجمہ کرنے کیلئے مترجم کی سہولت موجود تھی۔
نماز کے بعد مہمانِ گرامی دوبارہ جامعۃ الرضا تشریف لائے او رانہوں نے ایک مرتبہ پھر اساتذہ کرام کی محفل کو رونق بخشی۔یہ مبارک دورہ انتہائی روحانی، بابرکت اور پروقار ماحول میں منعقد ہوا اور تمام شرکاء نے اس موقع کو ایک ناقابلِ فراموش علمی دورے کے طور پر بہت فائدہ مند قرار دیا۔ آخر میں مدرسہ کے مدیر محترم نے آیت اللہ سید عز الدین حکیم صاحب اور ان کے ساتھ آئے ہوئے تمام علماء کا شکریہ ادا کیا اور یوں اجتماعی دعا کے ساتھ اس روح پرور تقریب کا اختتام ہوا۔اللّٰہ تعالیٰ ہمیں علم حاصل کرنے، اس پر عمل کرنے اور اس کی روشنی دوسروں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے، آمین۔








0 comments:
ایک تبصرہ شائع کریں
اپنا پیغام لکھیں