نجفِ اشرف، 18 اپریل 2025 حوزہ علمیہ نجفِ اشرف میں زیر تعلیم کشمیری طلاب کا ایک اہم اجلاس القائم قرآن سنٹر میں منعقد ہوا، جس میں علمی، تنظیمی اور فلاحی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کے بعد متفقہ طور پر آغا سید ذہین علی نجفی کو "طلابِ کشمیر نجف" کا مسئول مقرر کیا گیا۔
اجلاس میں شریک طلاب نے آغا صاحب کی علمی و تنظیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت طلاب کے تعلیمی، اخلاقی اور فکری ارتقاء میں اہم کردار ادا کرے گی۔ آغا نجفی اب طلابِ کشمیر کے تمام داخلی و خارجی امور کی نگرانی کریں گے اور تعلیمی منصوبہ بندی، اخلاقی تربیت، اور اجتماعی نظم و ضبط کے ضمن میں رہنمائی فراہم کریں گے۔طلاب نے امید ظاہر کی کہ آغا سید ذہین علی نجفی کی سربراہی میں کشمیری طلباء نہ صرف علمی ترقی کی راہ پر گامزن ہوں گے بلکہ اتحاد، اخوت اور ذمہ داری کے جذبے سے بھی سرشار رہیں گے۔ شرکا کا کہنا تھا کہ"یہ فیصلہ طلاب کی علمی پیش رفت اور دینی خدمات کے فروغ کی جانب ایک مثبت قدم ہے جو ان شاء اللہ مستقبل میں ثمر آور ثابت ہوگا۔"
طلاب کرام نے آغا نجفی صاحب کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی علمی، فکری اور تنظیمی کاوشوں کو ملتِ جعفریہ کے لیے ایک روشن مثال قرار دیا۔ اس موقع پر طلاب نے نئے منصوبوں اور اہداف کے تعین پر بھی غور کیا، جن کا مقصد کشمیری طلباء کی تعلیمی و روحانی ترقی کو بہتر خطوط پر استوار کرنا ہے۔کشمیری مومنین، خواہ وہ وطن میں ہوں یا بیرونِ ملک، اس فیصلے پر خوشی و اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ "طلاب نجف نے آغا سید ذہین علی نجفی جیسی متوازن، فعال اور پرخلوص شخصیت کو ذمہ داری سونپ کر بہترین انتخاب کیا ہے۔مومنین کا کہنا ہے کہ آغا صاحب کی قیادت میں نہ صرف نجف اور کشمیر کا رشتہ مضبوط ہوگا بلکہ ملت کو فکری استحکام اور دینی بیداری کی نئی راہیں بھی نصیب ہوں گی۔
بیرونِ ملک مقیم کشمیری مومنین نے بھی آغا صاحب کے تقرر کو سراہتے ہوئے کہا "ہم اُنہیں علم، عمل، اخلاص اور قیادت کا حسین امتزاج سمجھتے ہیں۔ ان کا تقرر ہماری نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوگا۔"طلابِ کشمیر نجف اشرف کے اس فیصلے کو مجموعی طور پر ملتِ کشمیر کی دینی، فکری اور تعلیمی ترقی کی جانب ایک مؤثر اور دوراندیش قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
آخر میں مومنین نے بارگاہِ حضرت ولی العصر (عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف) میں دعا کی کہ "پروردگار آغا سید ذہین علی نجفی کو اپنے مقصد میں کامیابی عطا فرمائے، طلابِ کشمیر کو علم و عمل کی بلندیوں تک پہنچائے، اور اس اقدام کو دینِ محمدی (ص) کی سربلندی کا ذریعہ بنائے۔"









0 comments:
ایک تبصرہ شائع کریں
اپنا پیغام لکھیں