دینی تعلیم کے ہمراہ کالج و یونیورسٹی کیسے پڑھیں؟ :
جامعۃ الرضا میں نئے تعلیمی سال اور نئی تعلیمی ٹرم کے آغاز میں دینی تعلیم کے ہمراہ ریگولر ایف اے کرنے والے طلبا کی کونسلنگ اورکیئریئرگائڈنس کے حوالے سے شعبہ تعلیم و تربیّت کی پہلی نشست منعقد ہوئی۔ جس میں طلبا کو جہاں دینی و عصری تعلیم کے امتزاج کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا وہیں انفرادی طور پر طلبا کے ذہنی، جذباتی، اور نفسیاتی مسائل کو سمجھنے اور حل کرنے کی کوشش بھی کی گئی۔اس کے علاوہ اس نشست میں طلبا کو یہ رہنمائی بھی فراہم کی گئی کہ وہ کس طرح خود شناسی ،جذباتی دباؤ سے اجتناب، کسی قسم کے اضطراب یا پریشانی کو اساتذہ کرام کے ساتھ بیان کر کے اپنے تعلیمی، پیشہ ورانہ اور ذاتی مستقبل کو کیسے بہتر طریقے سے تراش سکتے ہیں۔اس نشست میں یہ واضح کیا گیا کہ خوداعتمادی، وقت کا بہتر استعمال، اور مسلسل سیکھنے کا جذبہ ہی کامیابی کی کنجی ہیں۔
طلبا کرام کو بتایا گیا کہ دینی تعلیم انسان کو اخلاقی، روحانی اور فکری بنیاد فراہم کرتی ہے اور عصری تعلیم عملی زندگی کے چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت دیتی ہے۔ دونوں کا امتزاج ہی ایک متوازن اور کامیاب شخصیت کی ضمانت ہے۔ یاد رہے کہ جامعۃ الرضا اسلام آباد میں طلبا کو دینی تعلیم کے ہمراہ عصری تعلیم کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے۔ ادارے میں داخلے کیلئے میٹرک پاس ہونا شرط ہے اور اس کے بعد دینی تعلیم کے ہمراہ ایف اے کی تعلیم ریگولر دلائی جاتی ہے۔ اساتذہ نے اس نشست میں انسان میں پائی جانے والی لاتعداد صلاحیتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے طلبا سے کہا کہ وہ صرف ایک رخ پر توجہ نہ دیں بلکہ دینی علوم کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم، تحقیق و خطابت اور کمپیوٹر کورسز میں بھی مہارت حاصل کریں ۔ قابلِ ذکر ہے کہ یہاں کمپیوٹر کلاسز بھی ایک باقاعدہ شیڈول کے مطابق منعقد ہوتی ہیں۔
اس موقع پر طلبا نے اپنے کیرئر کے حوالے سے ذہنوں میں اٹھنے والے سوالات اور درپیش مشکلات پر بھی کھل کر بات کی۔
جامعۃ الرضا کے منتظمین نے نشست میں اس عزم کا اظہار کیا کہ اس طرح کی نشستیں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی تاکہ طلبا کو تعلیم و تربیّت کے میدان میں حسبِ توفیق بہترین امکانات فراہم کئے جائیں۔







.jpg)

0 comments:
ایک تبصرہ شائع کریں
اپنا پیغام لکھیں