رپورٹ: ثاقب علی ناصری
جامعہ رضا میں ہفتہ وار علمی و فکری نشست "بزمِ ہفتہ" کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلباء نے قومی و بین الاقوامی امور پر مدلل اور مختصر تقاریر پیش کیں۔ اس ہفتے کی بزم میں بالخصوص کشمیر، گلگت بلتستان اور فلسطین کی آزادی پر توجہ مرکوز رہی، جبکہ پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے لیے دعا بھی کی گئی۔
طلباء نے کشمیر اور گلگت بلتستان کی تاریخی اہمیت اور ان علاقوں کے عوام کی جاری جدوجہد کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان خطوں کے باسی دہائیوں سے آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ مقررین نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ اپنے قلم، علم اور شعور کو ان مظلوم خطوں کے لیے آواز بلند کرنے میں استعمال کریں۔
تقاریر کے دوران فلسطین کی موجودہ صورتحال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔ مقررین نے فلسطینی عوام پر جاری مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک قوم کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری انسانیت کے ضمیر کا امتحان ہے۔ انہوں نے مسلم امہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین کے مظلوم عوام کی عملی حمایت کرے۔
نشست کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ مقررین نے کہا کہ ایک تعلیم یافتہ، باکردار اور باخبر نوجوان نسل ہی پاکستان کو موجودہ چیلنجز سے نکال کر روشن مستقبل کی جانب لے جا سکتی ہے۔ اس موقع پر طلباء نے قومی یکجہتی، اتحاد، اور امتِ مسلمہ کے اجتماعی مسائل پر شعور اجاگر کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔








0 comments:
ایک تبصرہ شائع کریں
اپنا پیغام لکھیں